بنگلورو،3؍ اکتوبر (ایس او نیوز) قتل،رہزنی، لوٹ مار،چوری، سمیت دیگر جرائم کے معاملات میں ملوث 229/ملزمین کو گرفتار کر کے ساؤتھ ڈویژن پولیس نے 5.17/کروڑ روپیوں کامسروقہ مال ضبط کرلیا ہے- ملزمین کی گرفتاری سے 324 معاملات حل کئے گئے ہیں - ڈائرکٹر جنرل وانسپکٹر جنرل آف پولیس نیلامنی ایس راجو نے ملزمین کے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 4ماہ کے دوران ساؤتھ ڈویژن پولیس نے اپنی کارروائی کرتے ہوئے 229ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیاب حاصل کی ہے- انہوں نے بتایا کہ ملزمین کے قبضہ سے 8کلو 749گرام سونے، 25 کلو چاندی کے زیورات، 155دو پہیہ والی گاڑیاں، 27/آٹو رکشا، 10کاریں، 122مختلف کمپنیوں کے موبائل فون، 54لیاپ ٹاپ ضبط کئے ہیں - انہوں نے بتایا کہ سبرامنیاپورہ 50، گری نگر 43، بسونگڈی 37، ہنومنت نگر 20، جئے نگر 27، کمار سوامی لے آؤٹ 24، پٹنہلی21، وی وی پورم 19، سمیت جملہ 16پولیس تھانوں میں درج چوری کے معاملات حل کئے گئے ہیں - انہوں نے بتایا کہ پولیس ملزمین سے مزید پوچھ گچھ کررہی ہے- نمہانس کنونشن ہال میں ضبط شدہ مال کو وارثوں کے حوالے کرنے کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کئی جرائم کے سنگین معاملات سمیت 334 معاملات کو حل کرتے ہوئے 229 ملزمین کو گرفتار کرنے والی ساؤتھ ڈویژن پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور ان اہلکاروں کی کارروائی پر انہیں مبارکباد پیش کی- انہوں نے بتایا کہ سداپور پولیس نے کام کررہے مکان میں مالک ہی کو چکمہ دے کر سونے اور ہیرے کے زیورات، ریشمی ملبوسات کی چوری کرنے والے ایک لڑکے کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 6.10لاکھ روپئے مالیت کا مسروقہ مال ضبط کیا ہے- چنامنا کیرے اچھوکٹو پولیس نے بنشنکری کے اٹامڈو کے رنگناتھ ملٹری ہوٹل سے قریب سگریٹ کی بات کو لے کر ہوئے جھگڑے کے دوران ایک شخص کو قتل کئے جانے کے معاملہ میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے- جن کی شناخت چنامناکیرے اچھوکٹو کے درشن، راجیش اور راگھویندرا کے طورپر کی گئی ہے- آئی جی و ڈی جی پی نے بتایا کہ سلمان خان (22) اور ارباز خان نامی دو نوجوانوں کو کمار سوامی لے آؤٹ پولیس نے گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 10/لاکھ روپئے مالیت کے 209 گرام سونے، 4کلو چاندی کے زیورات ضبط کئے ہیں - دونوں ملزمین کی گرفتاری سے گوٹینہلی، تلگٹ پورہ، ہلی ماؤ، چنامنا کیرے اچھوکٹو پولیس تھانوں میں درج چوری کے معاملات حل کئے گئے ہیں - انہوں نے بتایا کہ راہگیروں کو لوٹ رہے اپیا اور شیوکمار نامی دو ملزمین کو بسونگڈی پولیس نے گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 21.20 لاکھ روپئے مالیت کے زیورات ضبط کئے ہیں - وی وی پورم پور پولیس نے گجندرا اور ونودراج نامی دو ملزمین کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 4.50لاکھ روپئے مالیت کی سونے کے چین اور موٹر سائیکل ضبط کی ہے- انہوں نے بتایا کہ ڈکیتی کے معاملہ میں 70 ملزمین کو گرفتار کر کے 32معاملات حل کئے ہیں - لوٹ مار کے معاملہ میں 17/ملزمین کو گرفتار کر کے 43معاملات حل کئے ہیں - سواریوں کی چوری کے 43معاملات میں 58ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی- تقریب میں پولیس کمشنر بھاسکر راؤ، اڈیشنل پولیس کمشنر امیش کمار، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) ڈاکٹر روہنی کاٹیج سمیت دیگر پولیس افسراں حاضر تھے-
